پیرس : فرانس میں ایک خاتون کی اپنی گاڑی صاف کرنے کے دوران پراسرار طور پر موت واقع ہوگئی، واقعے کی حقیقت جان کر پولیس افسران بھی شش و پنج میں مبتلا ہوگئے۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی خاتون ایک عجیب و غریب حادثے میں جان سے چلی گئیں، واقعہ اتنا پراسرار تھا کہ اہلِ خانہ اور پولیس ابتدائی طور پر اس کی وجہ ہی نہیں سمجھ سکے۔60سالہ برناڈیٹ ڈیلموٹ کی لاش مشرقی فرانس کے گاؤں بِسی سور فلے میں ان کی کار کے اندر سے ملی، کار کا شیشہ ان کے گلے میں پھنسا ہوا تھا جو ان کی موت کا باعث بنا۔اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو اہلکار بھی حیران رہ گئے کہ آخر یہ کیا ماجرا ہے اور سانحہ کیسے پیش آیا؟کسی نے ان کو قتل کرنے کیلیے ایسا کیا یا وجہ کچھ اور تھی؟۔ہلاک ہونے والی خاتون کے ایک عزیز نے بتایا کہ یہ سب بہت پراسرار لگ رہا تھا۔ ہم نے سوچا شاید انہیں دل کا دورہ پڑ گیا، یا کسی نے ان پر حملہ کیا ہو مگر جو حقیقت سامنے آئی، وہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔پولیس تحقیقات کے مطابق گزشتہ روز برناڈیٹ اپنی گاڑی صاف کر رہی تھیں وہ شاید ہینڈ بریک لگانا بھول گئی تھیں اور اسے درست کرنے کے لیے وہ کھڑکی کے ذریعے کار کے اندر جھکیں۔اسی دوران غلطی سے ان کا ہاتھ خودکار شیشے کے بٹن پر پڑ گیا اور شیشہ اوپر چڑھتا گیا اور ان کے گلے کو دبا دیا، جس کے باعث دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی سانس رکنے کو موت کی وجہ قرار دیا گیا ہے اور پولیس نے کسی جرم کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے واقعے کو ایک المناک حادثہ قرار دیا ہے۔