سنبھل میں پھر بلڈوزر کارروائی، محمد زبیر کا کولڈ اسٹور مسمار، یوگی نے 1978 کے فسادی کے طور پر کیا تھا تذکرہ

Wait 5 sec.

سنبھل: اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں مقامی انتظامیہ نے محمد زبیر کے اویس کولڈ اسٹوریج پر بلڈوز چلا دیا ہے۔ زبیر 1978 کے فرقہ وارانہ فسادات کے ملزم رہ چکے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایکسچینج ایریا آفس سے منظور شدہ نقشہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کولڈ اسٹوریج میں غیر قانونی تعمیرات کی گئی تھیں جس کے خلاف یہ بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ایس ڈی ایم وکاس چندرا اور ایکسچینج ایریا کی ٹیم نے پولیس فورس کے ساتھ مل کر محمد زبیر کے اویس کولڈ اسٹوریج کو بلڈوز کر دیا۔ یہ کارروائی سنبھل- انوپ شہر روڈ پر واقع کولڈ اسٹوریج میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کے لیے کی گئی۔ مشہور کاروباری زبیر 1978 کے فرقہ وارانہ فسادات کے ملزم رہ چکے ہیں جس کا تذکرہ حال ہی میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اسمبلی میں کیا تھا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سنبھل فسادات پر اسمبلی میں تقریرکرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ سنبھل میں 1947 سے اب تک فسادات میں 209 ہندو اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ یوگی حکومت کا ماننا ہے کہ تحقیقات میں ہندووں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا۔ حکومت نے اب فسادات کی فائل کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے۔ 29 مارچ 1978 کو سنبھل میں فسادات کے دوران آتش زنی کے واقعات ہوئے۔ یوگی کے بیان کے بعد ضلع انتظامیہ نے 1978 کے سنبھل فسادات کی بند پڑی فائلیں کھول کر دوبارہ تحقیقات شروع کردی ہے۔ایس ڈی ایم وکاس چندرا نے بتایا کہ کولڈ اسٹوریج میں اتر پردیش بلڈنگ ریگولیشن کی دفعہ 10 کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔ زبیر پر الزام ہے کہ انہوں نے 45 فٹ کے ضروری فاصلے کے بجائے صرف 35 فٹ دوری چھوڑ کر ہی باونڈری وال کی تعمیر کردی۔ اس کے علاوہ نقشے کے خلاف جاکر کولڈ اسٹوریج کے اندر دو منزلہ عمارت اور ایک شیڈ کی بھی تعمیر کی گئی تھی۔واضح رہے کہ ایکسچینج ایریا کے جونیئر انجینئر سچن کمار نے 18 جولائی 2025 کو بے ضابطگیوں کی رپورٹ دی تھی جس کے بعد ایس ڈی ایم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 23 ستمبر 2025 کو غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کا حکم جاری کیا۔ گزشتہ بدھ  کو موقع پر نقشے کے خلاف تعمیر کی گئی دو منزلہ عمارت کو بلڈوزر سے مسمار کر دیا گیا جبکہ دوسری عمارت کو ہیمر مشین سے توڑا گیا۔ اس موقع پر کسی طرح کی صورتحال سے نپٹنے کے لئے جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔