منیلا : جنوبی فلپائن میں 7.4 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی اور ساحلی علاقوں کے مکینوں کو بلند مقامات پرمنتقل ہونے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق جنوبی فلپائن کا صوبہ داواؤ علی الصبح شدید زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا، جس کے بعد لوگ خوف و ہراس کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔امریکی زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کا مرکز منائے کی ساحلی پٹی اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور فلپائنی حکام نے ساحلی علاقوں کے مکینوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم انتظامیہ نے ایمرجنسی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔مزید پڑھیں : فلپائن میں 6.9 شدت کا زلزلہ، ہلاکتیں 72 ہو گئیںیاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں فلپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی تھی اور 70 زائد اموات ریکارڈ کی گئیں تھیں۔سب سے متاثرہ صوبے سیبو میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جس کے شہر بوگو میں سب سے زیادہ ہلاکتیں 20 ہوئیں۔ میڈیلن، تابیولان اور سان ریمیگیو میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔درجنوں رہائشی عمارتیں بھی ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں، اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں، ہر طرف تباہی کے مناظر تھے۔واضح رہے کہ فلپائن دنیا کے خطرناک ترین خطے ’پیسفک رنگ آف فائر‘ میں واقع ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر چھوٹے بڑے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ یہی خطہ آتش فشانی سرگرمیوں کا بھی مرکز ہے۔