فرانسیسی صدر نے دو ریاستی حل کانفرنس کا اعلان کر دیا

Wait 5 sec.

پیرس(3 ستمبر 2025): فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ دو ریاستی حل کانفرنس بائیس ستمبر کو نیویارک میں ہوگی۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ 22 ستمبر کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ نیویارک میں اسرائیل اور فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کو فروغ دینے کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ قیادت کریں گے۔ایکس پر پوسٹ میں میکرون نے لکھا کہ "میں نے ابھی سعودی ولی عہد سے بات کی ہے، اور ہم مل کر 22 ستمبر کو نیویارک میں دو ریاستی حل کانفرنس کی مشترکا صدارت کریں گے ۔”فرانسیسی صدر نے کہا کہ ہمارا مقصد دو ریاستی حل کے لیے وسیع ترین بین الاقوامی حمایت حاصل کرنا ہے، اس مقصد کے لیے مستقل جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی رہائی، غزہ کے لیے بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ میں ایک استحکام مشن کی تعیناتی ضروری ہے۔میکرون نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سمیت سینئر فلسطینی حکام کو ویزا دینے سے انکار کے امریکی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے "ناقابل قبول” قرار دیا اور زور دیا کہ کانفرنس میں مناسب نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔فرانسیسی صدر نے حماس کے بعد کے منصوبوں کا بھی خاکہ پیش کیا، جس میں کہا گیا کہ حماس کو غیر مسلح کر دیا جائے گا اور غزہ میں حکمرانی سے باہر کر دیا جائے گا، جبکہ فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کی جائیں گی اور غزہ کی مکمل بحالی کی جائے گی۔دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے نائب وزیر اعظم حسین الشیخ نے میکرون کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مندوبین کو ویزہ دینے سے انکار ناقابل قبول ہے اور نیویارک کانفرنس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے فرانس اور سعودی عرب کے ساتھ فلسطینی تعاون کی توثیق کی ہے۔