وارسا(یکم اپریل 2026): پولینڈ نے اپنا پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام مشرقِ وسطیٰ بھیجنے سے انکار کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپین اور اٹلی کے بعد اب پولینڈ نے بھی اسرائیل اور امریکا کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اپنا ‘پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام’ مشرقِ وسطیٰ بھیجنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔پولینڈ کے وزیرِ دفاع نے اپنے ایک حالیہ بیان میں واضح کیا ہے کہ پولینڈ کے پاس موجود پیٹریاٹ بیٹریاں اور متعلقہ اسلحہ اس وقت ملکی فضائی حدود کے تحفظ اور نیٹو کے مشرقی محاذ کے دفاع کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ دفاعی نظام پولینڈ کی اپنی سلامتی کے لیے استعمال ہو رہا ہے، اس لیے اسے کہیں اور منتقل نہیں کیا جا سکتا۔پولینڈ کی جانب سے یہ باضابطہ اعلان ان میڈیا رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف ممکنہ جنگ یا کشیدگی کی صورت میں ان سسٹمز کو مشرقِ وسطیٰ میں نصب کرنا چاہتا ہے۔تاہم، پولینڈ نے اپنی دفاعی ترجیحات کو مقدم رکھتے ہوئے اتحادیوں کے اس مطالبے کو تسلیم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔