بھارت کے شہر چندی گڑھ میں حکمران جماعت بی جے پی کے دفتر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چندی گڑھ میں بی جے پی کے دفتر پر دستی بم حملے کے نتیجے میں بیرونی دیوار کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں حملہ آور کو بم پھینکتے ہوئے دیکھا گیا۔رپورٹ کے مطابق حملہ آور حکمران جماعت کے دفتر کو نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ دو موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ایس ایس پی کنور دیپ کور سمیت سینئر پولیس افسران نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔بی جے پی لیڈر ونیت جوشی کا کہنا ہے کہ شام 5 بجے کے قریب دھماکے جیسی آواز سنی جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔