ایرانی سپریم لیڈر کاحزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کے نام اہم پیغام

Wait 5 sec.

تہران : ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کے نام اہم پیغام میں حزب اللہ کو اسلامی دنیا کی طاقت قرار دیتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کے نام ایک خصوصی اور اہم پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے حزب اللہ کو اسلامی دنیا کی عظیم طاقت قرار دیتے ہوئے مزاحمت کی جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ صہیونی ریاست اور امریکی جارحیت کے خلاف ڈٹ جانا اور استقامت دکھانا ہی اصل کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوں نے حزب اللہ کی قیادت کو یقین دلایا کہ مشکل حالات کے باوجود حق کی فتح یقینی ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ثابت قدمی لازمی ہے۔مجتبیٰ خامنہ ای نے حزب اللہ کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "شہید ہی اس جدوجہد کا اصل سرمایہ ہیں”۔ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ تحریکِ آزادی اور دفاعِ وطن کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ یہ تحریک کو مزید جلا بخشیں گی۔ایرانی قیادت نے ایک بار پھر حزب اللہ کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایران، حزب اللہ کی ہر ممکن سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔تہران کی جانب سے یہ پیغام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور حزب اللہ نئی قیادت کے تحت اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔