واشنگٹن(یکم اپریل 2026): سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کرنے والے ایف بی آئی کے تین سابق ایجنٹس نے اپنی برطرفیوں کو چیلنج کر دیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق ایف بی آئی کے تین سابق ایجنٹس مائیکل بال، جیمی گارمن اور بلیئر تولمین نے عدالت میں درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ انہیں 2020 کے الیکشن کے بعد ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کرنے کی پاداش میں نوکریوں سے نکالا گیا۔سابق ایجنٹس نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ایف بی آئی کے ملازمین غیر سیاسی ہوتے ہیں اور ان کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت سے وفاداری لازم نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی اور حقائق کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیے، لیکن اکتوبر اور نومبر میں کی گئی برطرفیاں دراصل ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتقامی کارروائی ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ان ایجنٹس کو اختیارات کے غلط استعمال کا الزام لگا کر فارغ کیا گیا تھا اور ان کی برطرفی کے خطوط ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل کے دستخط سے جاری کیے گئے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد ٹرمپ پر مخالف افسران سے انتقام لینے کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دسمبر میں بھی ایف بی آئی کے 12 سابق اہلکاروں نے ادارے کے خلاف اسی نوعیت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔