امریکی فضائیہ کا جدید ترین لڑاکا طیارہ ایف – 35گر کر تباہ

Wait 5 sec.

لاس ویگاس : امریکی فضائیہ کاجدید طیارہ ایف پینتیس لاس ویگاس میں گر کرتباہ ہو گیا تاہم طیارے کا پائلٹ حادثے میں معمولی زخمی ہوا۔تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست نیواڈا میں لاس ویگاس کے قریب ایک فوجی تربیتی مشق کے دوران جدید ترین لڑاکا طیارہ ایف-35 گر کر تباہ ہو گیا تاہم خوش قسمتی سے پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا اور اسے معمولی چوٹیں آئی ہیں۔نیلس ایئرفورس بیس کے ترجمان نے کہا کہ یہ حادثہ منگل کے روز لاس ویگاس سے شمال کی جانب انڈین اسپرنگس کے علاقے سے تقریباً 25 میل شمال مشرق میں پیش آیا، طیارہ نیواڈا ٹیسٹ اینڈ ٹریننگ رینج کی محدود وفاقی حدود اور کنٹرولڈ فضائی حدود کے اندر گرا۔ترجمان نے ای میل کے ذریعے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پائلٹ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ پائلٹ کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔عسکری حکام کا کہنا ہے کہ "اہلکاروں اور کمیونٹی کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے”۔حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طیارہ آبادی سے دور بنجر علاقے میں گرا، جس کی وجہ سے کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی گردونواح کی آبادی پر اس کے کوئی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔فضائیہ کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابھی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔