جکارتہ: انڈونیشیا کے قریب سمندر میں 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے سمندری ریجن میں آنے والے انتہائی طاقتور زلزلے نے خطے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کے فوری بعد حکام نے ممکنہ سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی اور زلزلہ انڈونیشیا کے ناردن مولوکا کے سمندری علاقے میں آیا جبکہ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے محض 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس کی وجہ سے لہروں میں شدید ارتعاش پیدا ہوا۔زلزلے کی شدت اور کم گہرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں نے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کر دی ہے۔حکام نے ساحل کے قریب رہنے والی آبادی کو فوری طور پر بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ابتدائی طور پر زلزلے کے مرکز کے قریبی جزائر سے فوری نقصانات کی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں، تاہم زلزلے کے جھٹکے دور دور تک محسوس کیے گئے۔ریسکیو ٹیموں اور مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور سمندر میں لہروں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔