مغربی ایشیا میں جنگ سے پیدا ہوئے عالمی بحران کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے فرٹیلائزر کمپنیوں کو بڑی راحت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کے ذریعہ امونیم نائٹریٹ پر کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق کئی پیٹروکیمیکلز پر کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ ملے گی۔ یہ رعایت 2 اپریل سے 30 جون تک نافذ رہے گا۔ حکومت نے کھاد اور کیمیکل انڈسٹری کو راحت دیتے ہوئے کئی اہم خام مال پر کسٹم ڈیوٹی کو صفر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب عالمی سطح پر جنگ اور سپلائی بحران کے سبب انڈسٹری پر خرچ کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔وزارت مالیات کی طرف سے جاری گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق تقریباً 40 پیٹروکیمیکل خام مال اور انٹرمیڈیٹس کی درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اس میں امونیم نائٹریٹ، متھنال، فنال، پی وی سی، پالی پروپائلین جیسے کئی اہم کیمیکلز شامل ہیں۔ حکومت کا ماننا ہے کہ یہ قدم عوام کے مفاد میں اٹھایا گیا ہے، جس سے انڈسٹری کو موجودہ عالمی بحران میں راحت مل سکے گی۔حکومت کے اس فیصلہ سے خصوصاً فرٹیلائزر کمپنیوں کو بڑی مدد ملنے کی امید ہے، کیونکہ امونیم نائٹریٹ جیسے کیمیکل کھاد بنانے میں اہم کردار نبھاتے ہیں۔ اس سے پروڈکشن لاگت میں کمی آئے گی اور سپلائی چین پر دباؤ بھی گھٹے گا۔ امونیم نائٹریٹ پر لگنے والے ایگریکلچر انفراسٹرکچر اینڈ ڈیولپمنٹ سیس کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ اس سے فرٹیلائزر سیکٹر کو اضافی فائدہ ملے گا۔ مجموعی طور پر حکومت کا یہ قدم انڈسٹری کے لیے ’کاسٹ ریلیف پیکیج‘ کی طرح دیکھا جا رہا ہے، جس سے موجودہ عالمی غیر یقینی حالات کے بیچ پروڈکشن اور سپلائی کو بنائے رکھنے میں مدد ملے گی۔جن کیمیکلز کو چھوٹ میں شامل کیا گیا ہے، ان میں بیسک انڈسٹریل کیمیکلز ہیں۔ پیٹروکیمیکلز اور پلاسٹک خام مال پر بھی ڈیوٹی ہٹائی گئی ہے، جس کا استعمال پیکیجنگ، آٹوموبائل، الیکٹرانکس اور کنزیومر گڈس سیکٹر میں ہوتا ہے۔ ہائی اینڈ انجینئرنگ میٹریل کا استعمال ایئرواسپیس، ڈیفنس، میڈیکل ڈیوائس اور الیکٹرانکس میں ہوتا ہے۔ کئی کیمیکلز مینوفیکچرنگ کے عمل، پی وی سی پائپ، پینٹ، کوٹنگ اور انسولیشن میٹریل میں بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ آٹو موبائل انڈسٹری کے لیے پلاسٹک پارٹس، سیٹ فوم بنانے میں بھی انہی کیمیکلز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ جن مصنوعات پر ڈیوٹی ہٹائی گئی ہے، ان میں اہم کیمیکل کا استعمال فارماسیوٹیکل سیکٹر میں ہوتا ہے، جس سے دوائیوں کے پروڈکشن میں آسانی بنی رہے گی۔