واشنگٹن : امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں مقاصد کی تکمیل کے قریب ہیں، ہم بہت جلد اپنا کام مکمل کرلیں گے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے قوم سے خطاب میں دعویٰ کیا ہے کہ ایک ماہ قبل شروع کیے گئے ‘آپریشن ایپک فیوری’ نے ایران کی عسکری صلاحیت، فضائیہ، بحریہ اور مرکزی قیادت کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے، امریکی افواج نے ایسی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں۔صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں امریکی افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا امریکی افواج نے ایسی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں، ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیت کو جڑ سے ختم کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران میں اپنے مقاصد کی تکمیل کے بہت قریب ہیں، کام تیزی سے مکمل کررہےہیں، ایران میں ہم بہت جلد اپنا کام مکمل کرلیں گے۔صدر ٹرمپ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ وہ ایران کو کبھی بھی ایٹمی طاقت بننے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا:"اگر ایران کے پاس ایٹم بم ہوتا تو آج دنیا کا نقشہ مختلف ہوتا، اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کا وجود خطرے میں ہوتا۔ میں دہشت گرد ایرانی رجیم کو ایٹمی طاقت کا سہارا لینے کی اجازت دے کر امریکہ کو نقصان پہنچانے نہیں دے سکتا۔”صدر ٹرمپ نے اپنی پہلی مدتِ صدارت کا حوالہ دیتے ہوئے قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا تذکرہ کیا اور انہیں سڑک کنارے نصب بموں (IEDs) کا تخلیق کار قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران گزشتہ 47 سالوں سے ‘امریکہ مردہ باد’ کے نعرے لگا رہا تھا، اور حالیہ ایرانی رجیم کے خلاف احتجاج کے دوران 45 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ آپریشن شروع کرنے سے پہلے ان کی پہلی ترجیح مذاکرات تھے، لیکن ایران ہر چیز سے انکار کرتا رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران بڑی تعداد میں ایسے بیلسٹک میزائل تیار کر رہا تھا جو بہت جلد امریکہ تک پہنچنے کی صلاحیت حاصل کر لیتے، لیکن ‘آپریشن ایپک فیوری’ نے ان تمام خطرناک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔خطاب کے آخر میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اب پہلے سے زیادہ محفوظ ہے کیونکہ ایران کی جارحانہ فوجی طاقت کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے پر امریکی افواج کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امریکی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔