سعودی عرب میں مدینہ کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں 45 عمرہ زائرین اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے تھے، اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ 18 عمرہ زائرین کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 18 افراد نے عمرہ کے مقصد سے مکہ مدینہ کا سفر کیا تھا، اور اب واپسی قریب تھی مگر حادثے کا شکار ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والے ان 18 لوگوں میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔ سبھی لوگ آئندہ ہفتہ کی شام گھر لوٹنے والے تھے۔متاثرہ خاندان کے ایک فرد آصف کا کہنا تھا کہ ”میری بھابھی، دیور، ان کا بیٹا، 3 بیٹیاں اور ان کے بچے عمرہ کے لیے گئے تھے۔ وہ 8 دن قبل روانہ ہوئے تھے۔عمرہ مکمل ہو چکا تھا اور وہ مدینہ واپس آرہے تھے، رات تقریباً 1.30 بجے یہ حادثہ پیش آیا اور بس آگ کے باعث پوری تباہ ہوگئی۔آصف کے مطابق اس افسوسناک حادثہ سے قبل وہ اپنے رشتہ داروں سے مستقل رابطے میں تھا۔ ایک ہی خاندان کے 18 اراکین، جن میں 9 بالغ اور 9 بچے شامل تھے، سبھی جان کی بازی ہار گئے۔واضح رہے کہ المناک حادثہ بس کے تیل ٹینکر سے ٹکرانے کے سبب پیش آیا تھا۔ ٹکر کے بعد بس میں آگ لگ گئی، اور اس میں سوار 46 عمرہ زائرین میں سے صرف ایک شخص زندہ بچ سکا تھا۔سعودی عرب میں زائرین کی بس کو خوفناک حادثہمیڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے 24 سالہ عبدالشعیب کا تعلق بھی بھارت کے حیدرآباد سے ہے، حادثے کے وقت وہ اُس وقت بس ڈرائیور کے بغل میں بیٹھا تھا۔