دہلی میں صرف 5 روپے میں ملے گا پیٹ بھر کھانا، 25 دسمبر سے شروع ہونے جا رہا ’اٹل کینٹین‘

Wait 5 sec.

دہلی حکومت راجدھانی میں سستے اور اچھے کھانے کے انتظام کو مضبوط کرنے کے لیے ’اٹل کینٹین‘ منصوبہ کی شروعات کرنے جا رہی ہے۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے مطابق کینٹین میں لوگوں کو صرف 5 روپے میں غذائیت سے بھرپور اور پیٹ بھر کھانا دستیاب کرایا جائے گا۔ ’اٹل کینٹین‘ کو شروع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کم آمدنی والے مزدور اور رکشہ چلانے والوں، کام کرنے والے افراد اور ضرورت مند طبقوں کو دن بھر کے کام کے دوران کم قیمت پر معیاری کھانا مل سکے۔دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ’اٹل کینٹین‘ کے حوالے سے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سالگرہ یعنی 25 دسمبر سے راجدھانی میں ’اٹل کینٹین‘ منصوبہ کی شروعات کی جائے گی۔ اس منصوبہ کے تحت ضروت مند لوگوں کو صرف 5 روپے میں پیٹ بھر کھانا دستیاب کرایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے گزشتہ 15 نومبر کو حیدرپور علاقے میں ’اٹل کینٹین‘ کی تعمیراتی جگہ کا معائنہ بھی کیا تھا اور تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔واضح رہے کہ دہلی حکومت پہلے مرحلہ میں دہلی کے 100 مقامات پر ایک ساتھ ’اٹل کینٹین‘ شروع کرے گی۔ کئی اسمبلی حلقوں جیسے شالیمار باغ، راجیندر نگر، روہنی، پٹیل نگر، بدرپور اور کراول نگر میں کینٹین کا کام پہلے سے ہی شروع ہو چکا ہے۔ ہر کینٹین پر صبح اور شام 2 وقت کھانا ملے گا اور ہر بار 500 تھالیاں دستیاب رہیں گی۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے مطابق دہلی حکومت کا مقصد ہے کہ دہلی میں کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے۔دہلی حکومت کے مطابق ’اٹل کینٹین‘ میں دستیاب کھانے کی پلیٹ غذائیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جائے گی۔ اس میں دال، چاول، سبزی اور روٹی جیسی بنیادی لیکن غذائیت سے بھرپور اشیاء شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی اور معیار کو لے کر بھی سخت نگرانی کی جائے گی، تاکہ لوگ محفوظ اور تازہ کھانا کھا سکیں۔ رپورٹس کے مطابق اس منصوبہ کے تحت دہلی میں یومیہ اجرت کمانے والے لوگ بڑی تعداد میں فائدہ اٹھا پائیں گے۔ یہ کینٹین خاص طور پر مزدور، صفائی کرنے والوں، رکشہ چلانے والوں، منظم شعبے کے ملازمین اور کم آمدنی والے لوگوں کے لیے بڑی راحت مانی جا رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ’اٹل کینٹین‘ میں کھانے کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ایف ایس ایس اے آئی اور این اے بی ایل کی منظور شدہ لیب سے باقاعدہ نمونے کی جانچ ہوگی۔ ساتھ ہی رسوئی میں جدید آلات کا استعمال کیا جائے گا، ایل پی جی پر مبنی کھانا پکانے، انڈسٹریل آر او کا پانی اور کولڈ اسٹوریج کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ ’اٹل کینٹین‘ سے منسلک تمام ایجنسیوں کو فوڈ سیفٹی لائسنس، ملازمین کی صحت کا سرٹیفکیٹ اور ماہانہ رپورٹ جمع کروانا بھی ضروری ہوگا۔