امریکہ سے حوالگی کے بعد ہندوستان پہنچا انمول بشنوی، این آئی اے نے ایئرپورٹ پر ہی حراست میں لیا

Wait 5 sec.

امریکہ سے حوالگی کے ذریعے قومی تحقیقاتی ایجنسی نے منگل کے روز ایک اہم کارروائی انجام دی اور خطرناک مجرمانہ نیٹ ورک سے جڑے انمول بشنوی کو دہلی ایئرپورٹ پر اترتے ہی حراست میں لے لیا۔ این آئی اے کے مطابق انمول، جو لارنس بشنوی کے قریبی اور اس کے دہشت گردانہ گروہ کا سرگرم رکن تھا، کئی برسوں سے ہندوستانی ایجنسیوں کو مطلوب تھا۔ اس کی گرفتاری کو سرکاری حلقوں میں غیر ملکی زمین سے چلنے والی سرگرمیوں کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ایجنسی کے مطابق انمول کو امریکہ کے ریاست لوسیانا سے باضابطہ طور پر ڈپوٹ کیا گیا اور جیسے ہی وہ ہندوستان پہنچا، اسے باضابطہ قانونی کارروائی کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ این آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ادارے نے اس کے خلاف 2023 میں دہشت گرد۔گینگ سازش کیس میں بارہ سو صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں اس کی وارداتوں کی تفصیلات شامل تھیں۔ انمول پر الزام ہے کہ وہ 2020 سے 2023 کے دوران بیرون ملک بیٹھ کر لارنس اور گولڈی برار کے اشاروں پر متعدد کارروائیاں کروا رہا تھا۔سرکاری ریکارڈ کے مطابق انمول نے امریکہ میں رہتے ہوئے شوٹروں کو اسلحہ، ٹھکانا اور مالی مدد فراہم کی، اور کئی وارداتوں کی منصوبہ بندی میں براہ راست شامل رہا۔ پنجاب کے فاضلکہ ضلع سے تعلق رکھنے والا انمول مبینہ طور پر 2022 میں نیپال، دبئی اور کینیا کے راستے جعلی پاسپورٹ پر امریکہ پہنچا تھا، جہاں اسے 2024 میں سکرامنٹو میں غیر قانونی داخلے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد ایف بی آئی نے ڈی این اے اور وائس سیمپل کی بنیاد پر اس کی شناخت کی تصدیق کی۔حکام کے مطابق انمول کا نام کم از کم اٹھارہ مقدمات میں شامل ہے جن میں جبری وصولی، قتل، ہتھیاروں کی اسمگلنگ اور گینگ نیٹ ورک کو مضبوط بنانے جیسے الزامات شامل ہیں۔ ان مقدمات میں کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں نے ملک بھر میں سنسنی پھیلا دی تھی، جن میں 2024 میں ممبئی میں این سی پی رہنما بابا صدیقی کے قتل کی سازش، اور اسی سال اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعات شامل ہیں۔ شکایت کنندہ ذیشان صدیقی کے مطابق انمول نے شوٹروں کو ہدف کی تصاویر اور لوکیشن فراہم کی تھی۔اس کے علاوہ انمول کا نام 2022 میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی تیاری میں اسلحہ اور نقل و حمل کے انتظامات فراہم کرنے میں بھی سامنے آیا تھا۔ این آئی اے نے اسے لارنس بشنوی کے دہشت گرد۔گینگ نیٹ ورک کا انیسواں اہم رکن قرار دیا ہے اور اس پر دس لاکھ روپے کا انعام بھی مقرر کیا گیا تھا۔امریکی حکام نے 18 نومبر کو سرکاری طور پر اس کی ڈپورٹیشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے قانونی ضابطوں کی تکمیل کے بعد ملک سے باہر کیا گیا ہے۔ این آئی اے اب اس سے پوچھ گچھ کرے گی تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر فعال رابطوں اور مالی ذرائع تک رسائی حاصل کی جا سکے۔