سپریم لیڈر خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی کوششیں، ایران نے دشمن کو خبردار کر دیا

Wait 5 sec.

تہران (23 نومبر 2025): ایران نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی کوششوں میں مصروف دشمن ممالک کو خبردار کر دیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے خبردار کیا کہ دشمن امریکا اور اسرائیل سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے اور اسلامی جمہوریہ کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے آئی ایس این اے کے مطابق انٹیلی جنس کے وزیر اسماعیل خطیب نے خبردار کیا کہ دشمن سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو کبھی قاتلانہ حملوں کے ذریعے اور کبھی جارحانہ کارروائیوں کے ساتھ نشانہ بنانے کی کوشش کرتا ہے۔یہ بھی پڑھیں: ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایرانی سپریم لیڈراگرچہ یہ واضح نہیں کہ ایرانی وزیر اسماعیل خطیب نے کسی خاص واقعے کا حوالہ دیا یا نہیں لیکن ایرانی حکام اکثر غیر ملکی سازشوں کا دعویٰ کرتے رہے ہیں۔ جون میں اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ جنگ سے پہلے خامنہ ای کی جان کو درپیش خطرات سے متعلق بیانات شاذ و نادر ہی سامنے آئے تھے۔اسماعیل خطیب نے مزید کہا کہ جو لوگ اس سمت میں قدم اٹھاتے ہیں دانستہ یا نادانستہ وہ دشمن کے درانداز ایجنٹ ہیں۔رواں سال کے اوائل میں ہونے والے تنازع کے دوران اسرائیل نے ایرانی فوجی رہنماؤں، جوہری سائنسدانوں، مختلف مقامات اور حتیٰ کہ رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔جنگ کے دوران ان رپورٹس کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم لیڈر کو قتل کرنے کے اسرائیلی منصوبے کو اس خدشے کے باعث ویٹو کر دیا تھا کہ اس سے ایران اسرائیل کشیدگی میں شدید اضافہ ہو جائے گا، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسے اہمیت نہیں دی لیکن کہا کہ ایسا اقدام تنازع کا خاتمہ کر دے گا۔اُس وقت ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر بہت آسان ہدف ہیں اور یہ کہ ہم انہیں ختم کرنے نہیں جا رہے کم از کم ابھی نہیں۔واضح رہے کہ 86 سالہ آیت اللہ خامنہ ای 1989 سے ایران کے سپریم لیڈر ہیں اور ملکی معاملات پر ان کا آخری فیصلہ ہی نافذ ہوتا ہے۔