سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ کے نزدیک پیش آنے والے ہولناک بس حادثے میں کئی ہندوستانی شہریوں کی جانیں ضائع ہو گئیں، جس پر ہندوستانی حکومت نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا عہد کیا ہے۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب بس مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ بس میں سوار زیادہ تر مسافر ہندوستان کی ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھتے تھے۔ حادثے کی شدت کے باعث متعدد افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی زخمی ہیں، جن کا علاج سعودی عرب کے مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔ہندوستان کے وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اس المناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ وزارت کے مطابق، ’’ہم جاں بحق ہونے والے تمام شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت پیش کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔‘‘مرکزی حکومت نے فوری اقدامات کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایک اعلیٰ سطحی وفد، جس کی قیادت آندھرا پردیش کے ریاستی گورنر جسٹس ایس عبدالنذیر کر رہے ہیں، بدھ کے روز سعودی عرب روانہ ہوگا۔ اس وفد میں وزارتِ خارجہ کے سینئر افسر ارون کمار چٹرجی بھی شامل ہوں گے۔ وفد کا مقصد مقامی حکام کے تعاون سے امدادی کاموں کی نگرانی، متاثرہ خاندانوں کی مدد اور ضروری انتظامات کو تیز کرنا ہے۔سعودی عرب میں بس حادثہ: تلنگانہ حکومت کی ہنگامی کارروائیاں، حیدرآباد اور نئی دہلی میں ہیلپ لائن قائمرپورٹ کے مطابق، ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ اور جدہ میں قائم ہندوستانی قونصل خانہ سعودی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں اور جاں بحق افراد کی شناخت کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ان خاندانوں کی مدد کر رہی ہے جو اپنے عزیزوں کی تدفین یا دیگر قانونی کارروائی کے لیے سعودی عرب سفر کرنا چاہتے ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے یقین دلایا کہ ہندوستان اپنے شہریوں کی مدد کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہا ہے اور ضروری معاونت میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب، مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور و پارلیمانی امور، کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اطلاع دی کہ مدینہ میں ہندوستانی حجاج کرام کے دفتر میں ایک ’کیمپ آفسُ قائم کر دیا گیا ہے، جہاں متاثرہ افراد کے لواحقین اور زخمی مسافروں کو ہر قسم کی رہنمائی اور مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دفتر کا مکمل پتہ بھی جاری کیا تاکہ ضرورت مند لوگ براہِ راست رابطہ کر سکیں۔سعودی عرب: سڑک حادثہ میں ہلاک 45 عمرہ زائرین میں حیدر آباد کی ایک ہی فیملی کے 18 افراد بھی شاملتلنگانہ حکومت نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے ریاستی شہریوں کے اہل خانہ کے لیے پانچ لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس سانحے سے متاثر ہر خاندان کی مکمل سرپرستی کرے گی اور مرکزی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہ کر تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی۔