پاکستان نے ہندوستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 2025 کے اس میچ میں پاکستانی بلے باز صداقت نے اکیلے ہی ہندوستانی باؤلرز کو زیر کیا۔ صداقت نے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 136 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی جس کے جواب میں پاکستان نے ہدف 14ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان گروپ بی میں پہلی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔ویبھو سوریاونشی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کو شاندار شروعات دی۔ انہوں نے 28 گیندوں پر 45 رنز بنائے جبکہ نمن دھیر نے بھی 20 گیندوں پر 35 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر پاکستانی باؤلرز کو خوب جھنجھوڑ دیا۔ تاہم کوئی اور بلے باز بڑی اننگز نہ اسکور کر سکا۔ کپتان جیتیش شرما اور آشوتوش شرما بھی فلاپ ہوئے۔ جس کے نتیجے میں ہندوستانی اننگز صرف 136 رنز پر سمٹ گئی۔جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں بھی ہندوستان کو ہوا نقصانپاکستانی اوپنر صداقت نے پوری ہندوستانی ٹیم کو زیر کر لیا۔ انہوں نے 47 گیندوں میں 79 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی ناقابل شکست اننگز میں 7 چوکے اور چار زبردست چھکے بھی لگائے۔ ہندوستان کی جانب سے یش ٹھاکر اور سویاش شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس فتح نے پاکستان کو گروپ بی کے پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچا دیا ہے۔ پاکستان اپنے دونوں میچ جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ ہندوستان 2 میچوں میں ایک جیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس گروپ میں متحدہ عرب امارات اور عمان بھی شامل ہیں۔