ریڈ کراس کا تین ہزار ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ

Wait 5 sec.

نیویارک (22 نومبر 2025): ریڈ کراس انٹرنیشنل نے 2026 کا بجٹ 17 فی صد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ہزاروں ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔اے ایف پی کے مطابق ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی) نے جمعہ کو کہا کہ عالمی عطیات میں نمایاں کمی نے تنظیم کو بڑے فیصلوں پر مجبور کر دیا ہے، فنڈز میں کمی کے باعث 2 ہزار 900 ملازمین کی نوکریاں ختم کی جائیں گی۔تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کے شعبے میں مالیاتی صورت حال چیلنجنگ ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے 2026 کا منظور شدہ بجٹ 1.8 بلین سوئس فرانک (2.2 ارب ڈالر) تک محدود ہو گیا ہے، جو رواں سال کے مقابلے میں 17 فی صد کم ہے۔ریڈ کراس نے اس حوالے سے بھی خبردار کیا ہے کہ یہ کٹوتیاں ایک ایسے نازک وقت میں ہو رہی ہیں، جب دنیا بھر میں تنازعات کی تعداد اور امداد کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔قطر کی ثالثی میں کانگو حکومت اور باغیوں کے درمیان امن کے لیے بڑی ڈیلصدر آئی سی آر سی میریانا سپولیارچ اِیگر نے اپنے بیان میں کہا ’’ہم دیکھ رہے ہیں کہ مسلح تنازعات بڑھ رہے ہیں، امدادی فنڈنگ میں بڑی کمی ہو رہی ہے، اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کو برداشت کیا جا رہا ہے، جس سے ایک خطرناک صورت حال پیدا ہو رہی ہے۔‘‘انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا آئی سی آر سی تنازع والے علاقوں میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، جہاں بہت کم تنظیمیں کام کر سکتی ہیں۔ لیکن انھوں نے خبردار کیا کہ ’’پیسوں کی کمی ہمیں مشکل فیصلے کرنے پر مجبور کر رہی ہے، تاکہ ہم ان لوگوں تک ضروری انسانی امداد پہنچانا جاری رکھ سکیں جنھیں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔‘‘آئی سی آر سی کے مطابق، ان کٹوتیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں تقریباً 2,900 ملازمتیں ختم ہو جائیں گی، جب کہ اس وقت تنظیم کے 18,000 سے زیادہ عملے کے ارکان کام کر رہے ہیں۔