جرمنی نے اگلے ہفتے سے اسرائیل کو اسلحہ کی برآمدات دوبارہ شروع کرنےکا اعلان کر دیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی نے اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے غزہ جنگ بندی برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔جرمنی امریکا کے بعد اسرائیل کو اسلحہ کا دوسرا سب سے بڑا سپلائر ہے۔برلن حکومت کا کہنا ہے کہ محدود برآمدات اگست میں معطل کی گئی تھیں جو اب 24 نومبر سے بحال ہوں گی۔حکومتی ترجمان نے کہا کہ جرمنی کا فیصلہ اکتوبر میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کی بحالی سے منسلک ہے، جنگ بندی "اس فیصلے کی بنیاد ہے اور ہم ہر ایک سے ان معاہدوں کی پاسداری کی توقع کرتے ہیں جو کیے گئے ہیں جس میں جنگ بندی کو برقرار رکھنا بھی شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ بڑے پیمانے پر انسانی امداد فراہم کی جائے اور یہ عمل منظم طریقے سے جاری رہے جیسا کہ اتفاق کیا گیا ہے۔