(18 نومبر 2025): ایک خاتون نے لال بیگ کو مارنے کے لیے اپنے پورے گھر کو جلا کر بھسم کر ڈالا ایک پڑوسی کی جان چلی گئی۔دنیا بھر کی خواتین کی اکثریت میں یہ بات قدر مشترک ہے کہ وہ کسی سے ڈریں یا نہ ڈریں مگر چھپکلی اور کاکروچ (لال بیگ) دیکھ کر ان کے چہرے فق ہو جاتے ہیں۔ لیکن کچھ خواتین اتنی بہادر ہوتی ہیں کہ لال بیگ سامنے آنے پر ڈر کر بھاگنے کے بجائے انہیں مارنے کے درپے ہو جاتی ہیں۔ایک خاتون نے لال بیگ کو مارنے کی کوشش میں اپنا پورا گھر جلا ڈالا جب کہ اس حادثے میں پڑوسی خاتون کی جان بھی چلی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی کوریا کے شہر آسان میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے کچن میں لال بیگ دیکھ کر اس کو مارنے کے لیے فلیم تھروور (آگ بھڑکانے والا آلہ) کا استعمال کیا۔ آگ سے شعلے نے گھریلو سامان کو لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کے پورے اپارٹمنٹ کو آگ کے شعلوں نے گھیر لیا۔بڑھتی آگ سے خوفزدہ پانچویں منزل پر رہائشی ایک اور خاتون نے بالکنی سے چھلانگ لگا لی اور اپنی جان گنوا بیٹھی۔دوسری جانب لال بیگ کو مارنے کے چکر میں اپنا ہی گھر جلا دینے والی خاتون، ان کے شوہر اور دو ماہ کے بچے کو ریسکیو حکام نے بحفاظت ریسکیو کر لیا۔