واشنگٹن (18 نومبر 2025): سلامتی کونسل میں غزہ منصوبہ کی منظوری کو امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی تاریخ کی سب سے بڑی منظوری قرار دے دیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’سوشل ٹروتھ‘‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ غزہ منصوبہ کے لیے ’’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ناقابل یقین ووٹ پر دنیا کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، بورڈ آف پیس کو تسلیم اور اس کی توثیق کر دی گئی ہے، جس کی اب میں سربراہی کروں گا۔‘‘انھوں نے لکھا بورڈ آف پیس میں دنیا بھر کے طاقت ور اور قابل احترام رہنما شامل ہیں، یہ قرارداد اقوام متحدہ کی تاریخ کی سب سے بڑی منظوری کے طور پر جانی جائے گی، اور یہ دنیا میں مزید امن لانے کا باعث بنے گی۔ یہ واقعی ایک تاریخی لمحہ ہے۔سلامتی کونسل نے ٹرمپ کا غزہ منصوبہ منظور کر لیاانھوں نے پاکستان سمیت دیگر ممالک سے اظہار تشکر کرتے ہوئے مزید کہا آنے والے ہفتوں میں بورڈ کے ممبران سمیت مزید اعلانات کیے جائیں گے۔ٹرمپ نے لکھا ’’اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کے تمام رکن ممالک کا شکریہ، جن میں چین، روس، فرانس، برطانیہ، الجزائر، ڈنمارک، یونان، گیانا، جنوبی کوریا، پاکستان، پاناما، سیرا لیون، سلووینیا اور صومالیہ شامل ہیں۔ ان ممالک کا بھی شکریہ جو اس کمیٹی کے رکن نہیں تھے مگر اس کوشش کی مضبوطی سے حمایت کرتے رہے، جن میں قطر، مصر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، انڈونیشیا، ترکی اور اردن شامل ہیں۔