جدہ: سعودی عرب میں ریاض رائل کمیشن نے ریاض میٹرو کی ریڈ لائن کی توسیع کے ڈیزائن، تعمیر اور تکمیل کے منصوبے کا اعلان کردیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق توسیعی منصوبے کے تحت موجودہ ٹریک میں 8.4 کلو میٹر کا اضافہ کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق یہ توسیع کنگ سعود یونیورسٹی سے الدرعیہ ڈیولپمنٹ گیٹ پروجیکٹ تک کی جائے گی اور اس میں پانچ نئے اسٹیشن شامل ہوں گے۔ریڈ لائن کی توسیع دارالحکومت کے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مکمل کرنے، اہم علاقوں، رہائشی کمیونٹیز، تعلیمی، ثقافتی اور صحت مراکز کے درمیان رابطے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ شہری آبادی کو ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔وزیر مملکت و رکن کابینہ اور ریاض رائل کمیشن کے سی ای او انجینئرابراہیم السطان کے مطابق ریڈ لائن توسیعی منصوبہ شہریوں کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتر و جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مکمل کیا جارہا ہے۔سعودی عرب کا بڑا اعزاز، کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے 3 ممالک میں شامل!اُن کا کہنا تھا کہ 2024 کے آخر میں ریاض میٹرو کا آغاز ہوا اس وقت سے لے کر اب تک 173 ملین افراد اس منصوبے سے مستفیض ہوچکے ہیں جبکہ اس کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔واضح رہے کہ یہ منصوبہ 7.1 کلو میٹر کا ٹریک زیرزمین سرنگوں پر مشتمل ہوگا جبکہ 1.3 کلو میٹر کا ٹریک سطح زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔