ہیم ٹیکسٹائل نمائش ختم، پاکستانی مصنوعات کی زبردست پذیرائی

Wait 5 sec.

فرینکفرٹ : جرمنی میں منعقدہ ہیم ٹیکسٹائل 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، پاکستانی صنعت کاروں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کو دنیا کا تیسرا بڑا نمائش کنندہ ملک بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔اس سال پاکستان کی جانب سے ریکارڈ 287 نمائش کنندگان نے شرکت کی جو عالمی ہوم اور کانٹریکٹ ٹیکسٹائل نمائش میں ایک نمایاں سنگِ میل ہے۔نمائش میں پاکستان کی شرکت کے انتظام اور معاونت میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) نے کلیدی کردار ادا کیا۔مجموعی طور پر اس عالمی نمائش میں 66 ممالک سے 3ہزار سے زائد نمائش کنندگان اور 50ہزار سے زیادہ زائرین شریک ہوئے جبکہ ٹڈاپ نے پاکستانی نمائش کنندگان کی عالمی سطح پر تشہیر اور نمایاں موجودگی کے لیے لاجسٹک اور پروموشنل تعاون فراہم کیا۔نمائش کے دوران پاکستان کی جدت اور تحقیقاتی صلاحیتوں کو بھی بھرپور پذیرائی ملی۔قدرتی فائبرز میں جدت (DNFI Innovation in Natural Fibres Award) کے اعزاز سے تین پاکستانی ماہرین کو نوازا گیا، جن میں محمد فراز (مرکزی مصنف)، ڈاکٹر قاسم صدیقی (شریک مصنف) اور محمد فواد فاروق (صنعتی شراکت دار) شامل ہیں۔یہ ایوارڈ نمائش کے دوران منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا گیا، جس میں قدرتی فائبرز اور پائیدار ٹیکسٹائل حل کے فروغ میں ان کی عملی تحقیق اور صنعت سے اشتراک کو سراہا گیا۔اے آر وائی نیوز کے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی ایم ای اے پاکستان میاں عتیق الرحمٰن نے کارپٹ سیکشن کے حوالے سے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستانی کمپنیاں ہیم ٹیکسٹائل کے کارپٹ سیکشن میں شریک ہو رہی ہیں اور انہیں خریداروں کی جانب سے نہایت مثبت اور حوصلہ افزا ردِعمل ملا ہے۔یہ ردِعمل پاکستان کی قالین سازی کی صنعت میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیم ٹیکسٹائل میں پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے رہنماؤں کو خریداروں کی جانب سے مثبت ردِعمل موصول ہوا۔نمائش کا اختتام نہایت مثبت ماحول میں ہوا، جہاں نمائش کنندگان نے بھرپور دلچسپی، نتیجہ خیز ملاقاتوں اور حوصلہ افزا کاروباری نتائج کی اطلاع دی۔