قومی دارالحکومت کے پرگتی میدان میں 10 جنوری سے شروع ہونے والا نو روزہ نئی دہلی عالمی کتاب میلہ اتوار کے روز مضبوط عالمی شرکت کی بدولت ایک نئی شناخت قائم کرنے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ عالمی کتاب میلے کے 53ویں ایڈیشن کے آخری دن زبردست جوش و خروش، ریکارڈ عوامی شرکت اور متحرک ادبی ماحول دیکھا گیا۔قارئین اور کتاب سے محبت کرنے والوں کا ہجوم دیر شام تک بک اسٹال پر موجود رہا۔ لوگ کتابوں کی خریداری کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے، اپنے پسندیدہ مصنفین کو سننے کے لیے اسٹیجوں کے گرد یکجا ہوتے ہوئے اور بچے اور نوجوان مکالموں، مباحثوں اور ثقافتی پروگراموں میں جوش و خروش سے حصہ لیتے نظر آئے۔اس سال مفت داخلہ کی سہولت سے بھی میلے کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔ منتظمین کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے زائرین کی تعداد میں 15-20 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ 10 سے 18 جنوری 2026 تک جاری رہنے والے نو روزہ میلے میں ایک اندازے کے مطابق 20 لاکھ زائرین نے شرکت کی۔ وزارت تعلیم کے ماتحت ادارہ نیشنل بک ٹرسٹ (این بی ٹی) کے زیر اہتمام، میلے میں 35 سے زائد ممالک کے 1,000 ناشروں، 1,000 سے زیادہ مقررین، اور 600 سے زیادہ کیوریٹڈ ایونٹس شامل تھے۔اے آئی کے بڑھتے استعمال سے 7 میں سے 10 پیشہ وروں کو اپنی ملازمت کے کردار میں تبدیلی کی توقع: رپورٹمختلف زمروں کے ناشرین نے بتایا کہ مفت داخلے سے نہ صرف قارئین کی تعداد میں اضافہ ہوا بلکہ فروخت میں اوسطاً 30 فیصد اضافہ درج ہوا ہے۔ ناشرین نے بتایا کہ فیملی، طلبہ اور پہلی بار پڑھنے والوں نے اسٹال پر زیادہ وقت گزارا اور کتابوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ بچوں کے ادب اور عام دلچسپی کی کتابوں کی خاص طور پر زیادہ مانگ تھی۔اس سال نئے اقدام میں، این بی ٹی نے ان ناشرین کو تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیے جنہوں نے جدید اسٹال ڈیزائن پیش کیے تھے۔ اعزازیافتہ اداروں میں مہمان ملک قطر، وزارت ثقافت (حکومت ہند)، نوشن پریس، راج کمل پرکاشن، ہارپر کولنز، اور وی کے گلوبل شامل تھے۔اس سال کے عالمی کتاب میلے 2026 کی سب سے بڑی کشش 1,000 مربع میٹر کی تھیم پویلین تھی، "انڈین ملٹری ہسٹری: 75 سال کی بہادری اور حکمت"۔ ہندوستانی عسکری تاریخ پر 500 سے زیادہ کتابیں یہاں آویزاں کی گئیں، اور 100 سے زیادہ خصوصی سیشن منعقد ہوئے۔ ارجن ٹینک، آئی این ایس وکرانت، اور ایل سی اے تیجس کے لائف سائز ریپلیکس نے خاص طور پر نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے بھی پویلین کا دورہ کیا اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پڑھنے کی عادت ڈالیں۔اس سال، میلے میں نمایاں بین الاقوامی شرکت دیکھنے میں آئی۔ قطر مہمان ملک اور اسپین فوکس کنٹری کے طور پر شریک تھا۔ انٹرنیشنل ایونٹس کارنر میں، 35 سے زائد ممالک کے مندوبین نے ادب، ترجمہ، کثیر لسانی شاعری، بچوں کا ادب، تھیٹر، اور مصنوعی ذہانت جیسے موضوعات پر گفتگو کی۔ اس سے عالمی ادبی پلیٹ فارم کے طور پر نئی دہلی کے عالمی کتاب میلے کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی۔ اس کے علاوہ، ہال نمبر 6 میں واقع "کڈز ایکسپریس" پویلین میں قصہ گوئی، آرٹس اور دستکاری کی ورکشاپس، کوئز، ویدک ریاضی، اور بچوں کے مصنفین کے ساتھ بات چیت جیسے پروگراموں کی میزبانی کی گئی۔عالمی کتاب میلہ اس پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ پڑھنے کی ثقافت علم پر مبنی ہندوستان کی بنیاد ہے۔ منتظمین نے اعلان کیا کہ اگلا نئی دہلی عالمی کتاب میلہ 16 سے 24 جنوری 2027 تک منعقد ہوگا اور اس میں بھی داخلہ مفت ہوگا۔ اس میلے سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ کتابیں صرف پڑھنے کا ذریعہ نہیں ہیں بلکہ مکالمے، فکر اور ملکی تعمیر کے لیے تحریک کی مانند ہیں۔