سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ قطر پر حملے ثابت کرتے ہیں اسرائیل امن کیلئے سنجیدہ نہیں۔سیکریٹری جنرل یواین نے غزہ جنگ کو اخلاقی، سیاسی و قانونی طور پر ناقابل برداشت قرار دیدتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی پر سنجیدہ مذاکرات نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ قطر نے دوبارہ ثالثی شروع کرنے کی تیاری کا اعلان کیا ہے قطرکی کوششیں فوری جنگ بندی کے لیے لازمی ہیں امید ہے حالیہ ملاقاتیں اسرائیل پر مذاکرات قبول کرنے کا دباؤ ڈالےگی۔یواین کی 80 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے حوالے سے پریس کانفرنس میں گوتریس کا کہنا تھا کہ مجھے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو گی اگر وہ اس کے لیے کہتے ہیں جیسا کہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کسی دوسرے رکن سربراہ مملکت کے ساتھ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق اگر ایسا ہوا تو میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کو آگاہ کروں گا لیکن اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے حالات کی سنگینی کا جواز یہ ہے کہ اگر اسرائیلی وزیراعظم ملاقات چاہتے ہیں تو میں اسے اجازت دوں گا۔