سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ سخت گرم موسم میں دھوپ میں پیدل چلنے سے گریز کریں۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمے نے زائرین کو کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک سخت گرم موسم ہے۔رپورٹس کے مطابق ان اوقات میں سائے میں رہیں اورزیادہ وقت تک پیدل چلنے سے گریز کریں۔رپورٹس کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مناسک کی ادائیگی کے وقت بھاری سامان ساتھ اٹھانے سے بھی اجتناب کریں۔وزارت کے مطابق زائرین روضہ اطہر میں جانے کے لیے اجازت نامہ ضرور حاصل کریں۔ اس کے بغیر روضہ میں جانے کی کوشش نہ کریں کہ اس سے آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب حکومت نے سعودی عرب میں موجود عمرہ زائرین کو جعلسازی سے بچانے کیلئے اہم اقدام کیا ہے۔وزارت مذہبی امور نے عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کر دی ہے جو کہ جعل سازی کو روکنے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ 113 مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے۔عمرہ کمپنیوں کی فہرست اسلامی سال 1447 ہجری کیلئے قابلِ عمل ہے۔عمرہ پر جانے سے قبل زائرین اپنے یہ حقوق جان لیں!وزارت مذہبی امور نے جعل سازی سے بچنے کے لیے ہدایت کی ہے کہ عمرہ زائرین بکنگ سے پہلے وزارت کی ویب سائٹ سے کمپنی کی لازمی تصدیق کریں۔ترجمان نے کہا کہ رقم کی ادائیگی بینک کے ذریعے کمپنی اکاؤنٹ میں کی جائے اور عمرہ زائرین کمپنی سے ادائیگی رسید اور معاہدے کی کاپی لازمی حاصل کریں۔