اسرائیلی فوج نے غزہ شہر زمینی کارروائیاں تیز کردی ہیں، تازہ حملوں میں مزید 90 فلسطینی شہید ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کئی ہفتوں سے جاری فضائی بمباری کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں زمینی کارروائیوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 90 بے گناہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ جبکہ متعدد عمارتوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیل غزہ میں فوجی جارحیت جاری رکھے گا، غزہ کے شہریوں کو علاقے سے جانے کی ہدایت دی تاہم حماس انہیں جانے سے روک رہی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ سات اکتوبر2023ء کے حماس کے حملے سے حاصل ہونے والے اسباق نے ایک آزادانہ ہتھیار ساز صنعت”قائم کرنے کی ضرورت ثابت کر دی ہے تاکہ بین الاقوامی پابندیوں کے سامنے بھی قابض فوج ثابت قدم رہ سکے۔نیتن یاہو نے قطر پر حماس کی مدد کرنے کا الزام لگا دیااسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس ماہ امریکا جائیں گے، جہاں وہ جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے بعد صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، اُن کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے مجھے وائٹ ہاؤس کی دعوت دی ہے۔ میں اقوام متحدہ میں اپنی تقریر کے بعد ان سے ملوں گا۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے اس سے قبل کہا تھا کہ فوج غزہ شہر میں دشمن کو ختم کرنے اور اسی دوران شہری آبادی کو خالی کروانے کے لیے کام کر رہی ہے۔