دہلی میں سیور کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کی زد میں آئے 4 ملازم، ایک کی موت، 3 کی حالت سنگین

Wait 5 sec.

دہلی کے اشوک وِہار میں سیور کی صفائی کرتے وقت 4 صفائی ملازم زہریلی گیس کی زد میں آ گئے۔ اس حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ 3 دیگر افراد کی طبیعت بگڑ گئی جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق منگل کی دیر رات یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک اپارٹمنٹ کے پاس سیور کی صفائی کی جا رہی تھی۔ اس دوران اچانک زہریلی گیس نے کام کرنے والے صفائی ملازمین کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس میں صفائی ملازم اروند (40 سال) کی موت ہو گئی۔پولیس کے مطابق 16 ستمبر کو رات 11.36 بجے ہریہر اپارٹمنٹ، اشوک وِہار فیز-2 کے قریب سیور کی صفائی کے سلسلے میں ایک پی سی آر کال حاصل ہوا، جس میں کہا گیا کہ 4 شخص سیور کے اندر گر گئے۔ موقع پر پہنچ کر چاروں کو ڈی ڈی یو اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں اروند (کاسگنج، اتر پردیش) کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ تین دیگر صفائی ملازم سونو اور نارائن (دونوں کاسگنج، اتر پردیش) اور نریش (بہار) کو بیہوشی کی حالت میں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا۔کرائم ٹیم نے جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ برج گوپال کنسٹرکشن کمپنی کے منیجر کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ علاقے میں گزشتہ کئی دنوں سے سیور صفائی کا کام چل رہا تھا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی ہے۔یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ ملک بھر میں اس طرح کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، جہاں سیور کی صفائی کے دوران جان لیوا گیسوں کی زد میں آکر صفائی ملازم اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ان حادثات کے باوجود نہ تو وافر تحفظاتی آلات دستیاب کرائے جاتے ہیں اور نہ ہی خطرناک کام کرنے کے لیے مشینوں کو مہیا کرایا جاتا ہے۔