تل ابیب (20 ستمبر 2025): اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے یمن میں حوثی کے رہنما عبدالملک الحوثی کو براہِ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’تمھاری باری بھی آئے گی۔‘‘ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے جمعے کے روز یمن کے حوثی گروپ کے سربراہ عبدالملک الحوثی کو قتل کرنے اور یمن کے دارالحکومت صنعا پر اسرائیل کا جھنڈا لہرانے کی دھمکی دی ہے۔انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنے پیغام میں لکھا کہ عبدالملک الحوثی کو اپنی حکومت کے دیگر ارکان سے ملاقات کے لیے دوسری دنیا بھیجا جائے گا اور صنعا میں حوثیوں کے جھنڈے پر لکھے نعرے ’الموت لإسرائيل‘ کی جگہ اسرائیل کا پرچم لہرایا جائے گا۔دنیا اسرائیل سے خوف زدہ نہ ہو: انتونیو گوتریساسرائیل اور یمن کے حوثیوں کے درمیان کشیدگی ایک نئے موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ اس سے ایک روز قبل اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ یمن سے داغا گیا ایک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جب کہ ایک ڈرون نے جنوبی اسرائیل کے شہر ایلات کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کے مطابق یمن سے داغے گئے میزائل کو روکنے کے بعد کئی علاقوں میں سائرن بج اٹھے۔ حوثیوں نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی اور دعویٰ کیا کہ انھوں نے اسرائیل کی جانب تین کارروائیاں کیں، جن میں میزائل اور ڈرون حملے شامل ہیں۔