حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی قیدی علون اوہل کی ویڈیو جاری کر دی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق القسام کی قید میں 700 دنوں سے موجود اسرائیلی قیدی کو نیتن یاہو کا یہ بیان سنتے ہوئے دیکھایا گیا ہے جس میں اسرائیلی وزیراعظم کہہ رہے کہ وہ مغویوں کو واپس لانے کے لیے جدید طریقے اختیار کر رہے ہیں۔یرغمالی نے کہا کہ میری قید نیتن یاہو کی ضد کے باعث طویل ہو گئی ہے، امریکی ایلچی وٹکوف کو نیتن یاہو کو ہمیں قتل کرنے سے روکنا چاہیے نیتن یاہو کی حکومت ہمیں جان بوجھ کر ختم کرنےکی کوشش کر رہی ہے۔اسرائیلی قیدی علون اوہل کی عمر 24 سال بتائی گئی ہے۔ ویڈیو میں علون اوہل نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا نیتن یاہو کی حمایت بند کرے۔حماس نے 48 اسرائیلی قیدیوں کی ’’الوداعی تصویر‘‘ جاری کردی، غزہ میں زمینی کارروائی سے قیدیوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔الجزیرہ ٹی وی کے مطابق حماس کی جانب سے 48 اسرائیلی قیدیوں کی تصاویر سامنے آئی ہیں، اسرائیلی فوج کےغزہ سٹی پر تباہ کن حملے اور زمینی کارروائی سے قیدیوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے قیدیوں کی اجتماعی تصویرشائع کی ہے۔حماس نے کہا کہ الوداعی تصویر نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی اور ضمیر کی پسپائی کا نتیجہ ہے جبکہ حماس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے قیدیوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔