اتر پردیش میں ایس آئی آر سے متعلق سرگرمیاں شروع ہونے کے بعد سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری شیوپال یادو نے برسراقتدار طبقہ کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ ہفتہ کے روز انھوں نے یوگی حکومت کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اتر پردیش میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) ہونے نہیں دیں گے۔ اس کی پرزور مخالفت کریں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ریاستی عوام اور کسانوں کے مفادات کے خلاف ہے۔‘‘یہ بیان شیوپال یادو نے ایٹاوا میں دیا جہاں وہ پی ڈی اے مہاسمیلن میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 2027 میں بی جے پی کو اتر پردیش سے ہٹانا ہوگا اور سماجوادی پارٹی کی حکومت بنانی ہوگی۔ سماجوادی پارٹی کی حکومت بنانے سے ہی ریاستی عوام کی مشکلات دور ہوں گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کی یوگی حکومت نے مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی والا رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ اب ریاستی عوام بدلاؤ چاہتی ہے اور ریاست میں بدلاؤ ہوگا۔ ہم سبھی مل کر ووٹ چوری روکیں گے اور سماجوادی پارٹی کا ووٹ بڑھائیں گے۔اتر پردیش کی یوگی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے شیوپال یادو نے کہا کہ ’’یہ حکومت بے ایمان اور پوری طرح نکمی ہے۔ اس حکومت میں عوام پر اتنے ٹیکس کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے کہ عوام بے حال ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ بی جے پی حکومت کے دوران ترقی کے نام پر صرف عوام کو دھوکہ مل رہا ہے۔ مہنگائی اور روزگار کے معاملے میں حکومت پوری طرح ناکام ہے۔ غریب سے لے کر تاجر طبقہ تک ٹیکس کے بوجھ سے دبا ہوا ہے۔