روس کا یوکرین پر ہائپر سونک میزائلوں سے حملہ

Wait 5 sec.

ماسکو : روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے یوکرین کی اہم تنصیبات پر ہائپر سونک میزائل داغ دیا، حملے کے نتیجے میں یوکرین کی صنعتی فوجی اور توانائی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ اس نے ہائپرسونک میزائلوں کے ذریعے یوکرین کی صنعتی فوجی اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ترجمان وزارت دفاع کے مطابق یہ حملہ، روس کے اندر ’’سویلین اہداف‘‘ پر یوکرین کے حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔ ہائپر سونک بیلسٹک کنژال میزائلوں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کو یوکرین کے فوجی صنعتی مراکز اور ان کی معاون توانائی تنصیبات کے خلاف استعمال کیا گیا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ مشرقی فورسز گروپ نے دشمن کی دفاعی پوزیشنز کی جانب پیش قدمی جاری رکھی، جبکہ یوکرینی افواج کو ایک دن میں 230 فوجیوں کا نقصان ہوا۔دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حملوں کے ردعمل میں کہا ہے کہ روس نے یوکرین پر 450 سے زائد ڈرونز اور 30 میزائل داغے۔ٹیلی گرام پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روسی حملے سے درجنوں شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا، سب سے زیادہ نقصان جنوبی علاقوں اور اوڈیسا ریجن کے توانائی نظام کو پہنچا ہے جس سے متعدد علاقوں میں ہزاروں شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔