نئی دہلی : بھارت میں گھریلو تنازع نے ایک پورے خاندان کو اجاڑ دیا، جہاں محض 20 روپے کے معاملے پر شوہر نے بیوی قتل کر دی اورخود بھی ٹرین کے آگے لیٹ کر جان دے دی۔پولیس کے مطابق واقعہ دہلی کے شاہدرہ ضلع میں پیش آیا۔ مقتولہ کی شناخت 45 سالہ مہندر کور کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کے شوہر 48سالہ کلونت سنگھ نے مبینہ طور پر بیوی کے قتل کے بعد خودکشی کرلی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں میاں بیوی اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھے اور ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔پولیس نے بتایا کہ بدھ کی دوپہر تقریباً ڈھائی بجے شوہر، بیوی اور ان کا بڑا بیٹا گھر میں موجود تھے۔ اسی دوران 20 روپے کے لین دین پر میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگئی۔پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران شوہر اپنی بیوی کو چھت پر لے گیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر اسے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔کچھ دیر بعد جب بڑا بیٹا گھر واپس آیا تو اس نے اپنی والدہ کو مردہ پایا۔ اس نے فوری طور پر پڑوسیوں کو اطلاع دی، جن کی مدد سے لاش کو گراؤنڈ فلور پر منتقل کیا گیا۔ادھر راجستھان میں مقیم کلونت سنگھ کے چھوٹے بھائی کو واقعے کی اطلاع ملی، جس پر اس نے پولیس کنٹرول روم کو فون کرکے بتایا کہ اس کی بھابھی مشکوک حالات میں فوت ہو گئی ہے جبکہ اس کا بھائی لاپتہ ہے۔اطلاع ملنے پر وویک وہار تھانے کی پولیس اور اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خاتون کے قتل کی تصدیق کے بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔تفتیش کے دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ کلونت سنگھ قریبی ریلوے ٹریک کے اطراف موجود ہے۔ جب پولیس اور مقامی افراد وہاں پہنچے تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اسی دوران آنے والی ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا دی۔کلونت سنگھ کو تشویشناک حالت میں جی ٹی بی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس کے مطابق جوڑے نے حال ہی میں اپنی بیٹی کی شادی کی تھی اور بدھ کے روز بیٹی کے آنے کی تیاری کی جارہی تھی کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔