(25 دسمبر 2025): افریقی ملک تنزانیہ کی ماؤنٹ کلی منجارو پر ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔رائٹرز کے مطابق افریقی ملک تنزانیہ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ جس کے بتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ یہ ہیلی گاپٹر طبی امدادی مشن پر تھا۔تنزانیہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹر بدھ کو پہاڑ کے بارافو کیمپ کے قریب گر کر تباہ ہوا ہے، موانانچی اخبار اور ایسٹ افریقہ ٹی وی نے کلی منجارو ریجن کے پولیس سربراہ سائمن مائیگوا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ہیلی کاپٹر طبی امدادی مشن پر تھا۔موانانچی نے پولیس سربراہ کے حوالے سے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک گائیڈ، ایک ڈاکٹر، پائلٹ اور دو غیر ملکی سیاح شامل ہیں، تاہم سیاحوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ماؤنٹ کلی منجارو، افریقہ کی سب سے اونچی چوٹی، سمندر کی سطح سے تقریباً 6,000 میٹر کی بلندی پر ہے، موانانچی نے رپورٹ کیا کہ حادثہ 4,670 سے 4,700 میٹر کے درمیان پیش آیا۔