مغربی بنگال میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے نام اور تصویر کا غلط استعمال کر ’سائبر فراڈ‘ انجام دینے کا ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ ریاستی پولیس نے اس کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے عام لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر فرضی اشتہارات کے ذریعہ لوگوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے اور ان سے پیسے وصولے جا رہے ہیں۔⚠️ PUBLIC ADVISORYMISUSE OF THE NAME OF HON’BLE CHIEF MINISTER OF WEST BENGAL FOR ONLINE LOAN FRAUDSIt has come to the notice of West Bengal Police that fraudsters are circulating misleading advertisements and social-media content, falsely using the name and photograph of…— West Bengal Police (@WBPolice) December 28, 2025مغربی بنگال پولیس کے مطابق کچھ سائبر مجرم سوشل میڈیا پلیٹ فارم جیسے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر فرضی اشتہار اور ویڈیو چلا رہے ہیں۔ ان اشتہارات میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا نام اور تصویر لگا کر فوری قرض، سِبل کے بغیر قرض، حکومت کی جانب سے منظور شدہ قرض اور بغیر کسی تصدیق کے قرض جیسے پرکشش دعوے کیے جا رہے ہیں۔ لوگوں کو اعتماد میں لا کر انہیں فرضی ایپ، ویب سائٹ یا واٹس ایپ نمبر پر بھیجا جاتا ہے۔ اس کے بعد ان سے آدھار کارڈ، پین کارڈ، بینک کی تفصیلات، او ٹی پی اور پرویسیسنگ فیس یا پیشگی ادائیگی کی درخواست کی جاتی ہے۔ جیسے ہی پیسہ ملتا ہے، فراڈ کرنے والے رابطہ منقطع کر دیتے ہیں۔ریاستی پولیس نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی یا مغربی بنگال حکومت کی طرف سے ایسی کسی لون اسکیم کا اعلان یا منظوری نہیں دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے نام اور تصویر کا اس طرح استعمال مکمل طور پر غیرقانونی اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے۔ پولیس نے ایسے تمام اشتہارات کو فرضی قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے لوگوں کو کچھ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے:کسی بھی ایسے اشتہار پر بھروسہ نہ کریں جو فوری طور پر قرض دینے کا وعدہ کرے۔نامعلوم لنک نہ کھولیں اور کوئی مشکوک ایپ انسٹال نہ کریں۔او ٹی پی، آدھار، پین یا بینک سے متعلق معلومات کسی سے شیئر نہ کریں۔قرض کے لیے صرف مجاز بینک، این بی ایف سی یا سرکاری ویب سائٹ کا ہی استعمال کریں۔پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر کوئی اس طرح کی دھوکہ دہی کا شکار ہو جاتا ہے تو اسے بلا تاخیر سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر 1930 پر شکایت درج کرانی چاہیے۔ اس کے علاوہ www.cybercrime.gov.in ویب سائٹ پر بھی آن لائن شکایت کی جا سکتی ہے۔ پولیس نے مشورہ دیا ہے کہ شکایت کرتے وقت اسکرین شاٹ، لنک، فون نمبر اور لین دین سے متعلق معلومات محفوظ رکھیں۔مغربی بنگال پولیس نے کہا ہے کہ سائبر جرائم کو روکنے کے لیے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ محتاط رہ کر اس طرح کی دھوکہ دہی سے بچا سکتا ہے۔ پولیس نے اپیل کی ہے کہ لوگ الرٹ رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔