(29 دسمبر 2025): 20 روپے کی معمولی رقم پر ہونے والے تنازع نے میاں بیوی کی جان لے لی جس نے بھی سنا وہ یہ واقعہ سن کر حیران رہ گیا۔بعض اوقات انتہائی معمولی وجہ ایسا تنازع پیدا کرتی ہے کہ غصے میں انسان ایسا قدم اٹھاتا ہے، جو اس کے اور خاندان کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔ ایسا ہی کچھ اس واقعہ میں ہوا جہاں صرف 20 روپے کے تنازع پر میاں بیوی کی جان چلی گئی۔یہ دل دہلا دینے والا واقعہ بھارت کی راجدھانی شہر دہلی میں پیش آیا۔ جہاں صرف 20 روپے نے ہنستا بستا گھر اجاڑ کر رکھ دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بیوی کے 20 روپے مانگنے پر شوہر اتنا برہم ہوا کہ اس کو چھت پر لے جا کر قتل کر دیا اور پھر خود ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ خاتون کی شناخت مہندر کور (45 سال) اور کلونت سنگھ (48 سال) کے ناموں سے ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بیس روپے مانگنے پر میاں بیوی کے درمیان تنازع اتنا بڑھا کہ کلونت نے مہندر کور کو چھت پر لے جا کر قتل کر دیا اور پھر فرار ہو گیا۔مقتولہ خاتون کے دیور کی شکایت پر پولیس وہاں پہنچی اور لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال پہنچائی، جس میں قتل کی تصدیق ہوئی۔بعد ازاں ملزم کے ریلوے اسٹیشن پر دیکھے جانے کی اطلاع پر جب پولیس اس کی تلاش کے لیے نکلی تو پولیس کو آتا دیکھ کر کلونت نے چلتی ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔بتایا جاتا ہے کہ جوڑے نے حال ہی میں اپنی بیٹی کی شادی کی تھی اور بدھ کو بیٹی کے میکے آمد پر اس کے استقبال کی تیاری کر رہے تھے کہ یہ افسوسناک واقعہ اچانک پیش آیا۔ پولیس واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کر رہی ہے۔