دہلی سے حج پروازوں کا پہلا مرحلہ مکمل، 12187 عازمین پہنچے مدینہ منورہ

Wait 5 sec.

نئی دہلی: حج بیت اللہ کی ادائیگی کے لیے ملک بھر سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی ہندوستان کے سب سے بڑے حج امبارکیشن پوائنٹ، دارالحکومت دہلی سے مقدس سفر کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے۔ مدینہ منورہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 18 اپریل سے ہوا تھا، جو 4 مئی کی صبح 9 بج کر 45 منٹ پر اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے روانہ ہونے والی سعودی عربیہ ایئرلائن کی پرواز نمبر ایس وی 5909 کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔اس پہلے مرحلے کے دوران 18 اپریل سے 4 مئی تک مجموعی طور پر 31 پروازوں کے ذریعے 12187 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ ان میں 6226 مرد اور 5661 خواتین شامل ہیں۔ عازمین مدینہ منورہ میں تقریباً آٹھ دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ حج کی ادائیگی کریں گے۔حج پروازوں کا دوسرا مرحلہ 6 مئی سے شروع ہوگا، جس میں عازمین کو جدہ کے راستے مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔ اس مرحلے میں سعودی عربیہ ایئرلائن کی 23 پروازوں کے ذریعے 8855 عازمین حج کی روانگی طے ہے۔ یہ سلسلہ 20 مئی تک جاری رہے گا، جس روز آخری حج پرواز روانہ ہوگی۔حج 2026 کے لیے ملک بھر سے مجموعی طور پر 175025 عازمین حج کے جانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر انتظام صرف دہلی سے 21100 عازمین حج روانہ ہو رہے ہیں، جن میں 20 ریاستوں کے عازمین شامل ہیں۔ ان میں دہلی، مغربی اتر پردیش، بہار، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ اور جموں و کشمیر کے عازمین نمایاں تعداد میں شامل ہیں۔حکام کے مطابق عازمین کے سفر کو سہل اور منظم بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر روانگی کے مراحل کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات، رہنمائی اور دیگر خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دہلی سے حج پروازوں کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد اب دوسرے مرحلے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جس میں عازمین کو براہ راست مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا۔ حکام کو امید ہے کہ باقی پروازیں بھی اسی نظم و ضبط کے ساتھ مکمل ہوں گی۔