نیٹو حکام کے فلم سازوں کے ساتھ خفیہ اجلاس، نئی بحث چھڑ گئی

Wait 5 sec.

لندن(4 مئی 2026): برطانوی جریدے ‘دی گارڈین’ نے انکشاف کیا ہے کہ نیٹو حکام اور عالمی فلم سازوں کے درمیان ہونے والے خفیہ اجلاسوں نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں فنکاروں نے نیٹو پر اپنے حق میں پروپیگنڈا کروانے کا الزام عائد کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق نیٹو کی جانب سے اب تک یورپ اور امریکہ میں فلم میکرز کے ساتھ تین خفیہ سیشنز کیے جا چکے ہیں۔ لاس اینجلس، برسلز اور پیرس میں معروف ہدایت کاروں اور رائٹرز کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں ہوئی ہیں، جبکہ اگلا اجلاس لندن میں ہونے جا رہا ہے جس میں برطانوی رائٹرز یونین بھی شرکت کرے گی۔ان ملاقاتوں کا ظاہری مقصد یورپ میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور نیٹو کے کردار کو فلمی دنیا میں زیر بحث لانا ہے، تاہم کئی تخلیق کاروں نے سنگین الزامات لگائے ہیں۔اسکرین رائٹرز کا کہنا ہے کہ نیٹو ان سے اپنے حق میں پروپیگنڈا کرنے کی فرمائش کر رہا ہے اور فن کو جنگی بیانیے کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ کچھ فنکاروں نے ان ملاقاتوں کو معاشرے میں خوف پھیلانے کی کوشش قرار دیا ہے۔دوسری جانب نیٹو حکام نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ ملاقاتیں صرف مکالمے کے لیے ہیں اور ان کا مقصد کوئی مخصوص پروپیگنڈا کرنا نہیں ہے۔ تاہم تخلیقی حلقوں میں ان خفیہ رابطوں کو فن کی آزادی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔