لندن: امرتسر سے برمنگھم جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی117 کو برطانیہ میں گراؤنڈ کرنا پڑا جب طیارے کی ایمرجنسی ریم ایئر ٹربائن ( آر اے ٹی) لینڈنگ سے عین قبل خود بخود فعال ہو گئی۔ تاہم طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور تمام مسافر اور عملہ محفوظ ہیں۔ ایئر انڈیا کے مطابق آر اے ٹی سسٹم ہفتے کے روز حتمی ایپروچ کے دوران خود بخود فعال ہو گیا۔ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ فلائٹ اے آئی117 کے عملے نے برمنگھم پہنچنے سے عین قبل آر اے ٹی کی تنصیب کا معائنہ کیا تھا۔ تمام الیکٹریکل اور ہائیڈرولک پیرامیٹرز نارمل پائے گئے اور طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا۔ کمپنی نے کہا کہ طیارے کو تکنیکی معائنے کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور واپسی کی پرواز اے آئی114 (برمنگھم سے دہلی) منسوخ کر دی گئی ہے۔ متاثرہ مسافروں کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔معلوم ہو کہ ریم ایئر ٹربائن ایک ایمرجنسی آلہ ہے جو انجن یا مین بجلی سپلائی کے فیل ہو جانے کی صورت میں ہوا کی طاقت سے بجلی اور ہائیڈرولک پریشر پیدا کرتا ہے۔ یہ سسٹم عام طور پر صرف شدید ہنگامی حالات میں ہی فعال ہوتا ہے۔اس سال جون میں احمد آباد طیارہ حادثے کے دوران بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارے پر بھی ریم خود بخود فعال ہو گیا تھا۔ اس واقعے کی ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ایندھن کی سپلائی میں رکاوٹ کی وجہ سے انجن بند ہو گئے، جس سے ایمرجنسی سسٹم فعال ہو گیا۔ اس دوران ایئر لائن نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت ایئر انڈیا کی اولین ترجیح ہے۔ مکمل معائنہ کے بعد ہی طیارے کو سروس میں واپس لایا جائے گا۔