نئی دہلی: رنگوں کے تہوار ہولی کے موقع پر لوک سبھا میں قائدِ حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے محبت، امید اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام کے ساتھ چار تصاویر بھی شیئر کیں جن میں وہ ہولی کھیلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ رنگوں اور محبت کے تہوار ہولی کی سب کو دلی مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ ہولی کے رنگ سب کی زندگیوں کو نئی امیدوں، نئے جوش اور بے شمار خوشیوں سے بھر دیں۔ شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں کانگریس کے کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ رنگ کھیلتے اور خوشی کے ماحول میں ہولی مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔रंगों और मोहब्बत के पर्व होली की आप सभी को हार्दिक शुभकामनाएं।होली के रंग आप सभी के जीवन को नई आशाओं, नए उमंग और अनगिनत खुशियों से भर दे। pic.twitter.com/sp10UNSl7v— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) March 4, 2026کانگریس کے سرکاری ایکس ہینڈل سے بھی انہی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ہولی محبت اور بھائی چارے کا تہوار ہے اور اس کے خوبصورت رنگ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہیں۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ قائدِ حزب اختلاف راہل گاندھی نے کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ ہولی منا کر نفرت کے خلاف محبت کا پیغام دیا۔ اس پوسٹ میں مقام کے طور پر دہلی کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔کانگریس نے ایک اور پوسٹ میں مختصر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ محبت ہی ہولی کا اصل رنگ ہے۔ اسی سلسلے میں پارٹی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں راہل گاندھی ہولی کھیلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں وہ صحافیوں سے کہتے ہیں کہ سب کو ہیپی ہولی، یہ محبت بھری اور نفرت مٹانے والی ہولی ہے۔'प्यार भरी, नफरत मिटाने वाली होली'सभी को होली की शुभकामनाएं।: नेता विपक्ष श्री @RahulGandhi pic.twitter.com/CLB8BgKLpo— Congress (@INCIndia) March 4, 2026کانگریس کی جانب سے ایک اور پوسٹ میں امید کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ اس پوسٹ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں راہل گاندھی بچوں کے ایک گروہ کے ساتھ کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ پیغام میں کہا گیا کہ امید سب سے طاقتور رنگ ہے۔ تصویر پر بھی اسی مفہوم کا جملہ درج ہے کہ ہولی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ امید سب سے طاقتور رنگ ہے۔اس سے قبل کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ہولی کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی تھی۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں اس تہوار کو اتحاد، محبت اور سماجی ہم آہنگی کی علامت قرار دیتے ہوئے لوگوں سے خوشی اور بھائی چارے کے ساتھ اسے منانے کی اپیل کی تھی۔واضح رہے کہ رنگوں کا تہوار ہولی آج ملک بھر میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں اور قصبوں میں لوگ ایک دوسرے کو رنگ لگا کر اور خوشیاں بانٹ کر اس تہوار کی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ ہولی کو بُرائی پر اچھائی کی جیت اور موسمِ بہار کی آمد کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے اور یہ تہوار سماجی ہم آہنگی اور باہمی محبت کا پیغام دیتا ہے۔