ایران پر حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی، ہندوستان کو متوازن کردار ادا کرنا چاہئے: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

Wait 5 sec.

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کئے گئے مشترکہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ بورڈ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال مسلم دنیا کے لیے بڑا نقصان ہے۔بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر ایس کیو آر الیاس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات میں خاصی پیش رفت ہو چکی تھی۔ ان کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کے دوران ایران نے امریکہ کی بیشتر شرائط کو قبول کر لیا تھا اور سفارتی سطح پر حل کی امید پیدا ہو گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود امریکہ نے اچانک مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور فوراً اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کر دیا۔ ڈاکٹر الیاس کے مطابق یہ عمل سفارت کاری کے نام پر ایک بہانہ تھا اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ طاقت کے استعمال کو ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کسی خود مختار ملک کے مرکزی قائد کو نشانہ بنانا اور کھلے طور پر حکومت کی تبدیلی کی بات کرنا عالمی اصولوں کے سراسر خلاف ہے۔ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ اس حملے نے پورے مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام کی نئی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ ایک طرف کچھ یورپی ممالک امریکہ کی حمایت کر رہے ہیں تو دوسری جانب روس اور چین ایران کے موقف کے قریب نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر موثر سفارتی مداخلت نہ ہوئی تو یہ تنازع وسیع جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے جس کے نتائج پوری دنیا کے لیے خطرناک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ طویل جنگ کی صورت میں انسانی بحران شدت اختیار کرے گا اور عالمی معیشت بھی شدید متاثر ہوگی، جس کا سب سے زیادہ بوجھ ترقی پذیر اور کمزور ممالک کو برداشت کرنا پڑے گا۔ ڈاکٹر الیاس نے افسوس ظاہر کیا کہ ایسے نازک وقت میں ہندوستان ایک متوازن اور باوقار سفارتی کردار ادا کر سکتا تھا، تاہم موجودہ پالیسی نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی تشویش ظاہر کی کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر ہندوستانی حکومت کی جانب سے کوئی سرکاری تعزیتی بیان جاری نہیں کیا گیا، جو اخلاقی اور سفارتی روایت کے خلاف ہے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ایک بار پھر ہندوستانی حکومت، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری اور سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے جنگ بندی کو یقینی بنائیں تاکہ خطے کو مزید تباہی اور بڑے عالمی بحران سے بچایا جا سکے۔