ایران میں اگر بہت بہتر صورتحال بھی ہوئی تو وہ وینزویلا جیسی ہوگی، سابق سربراہ ایم آئی سکس

Wait 5 sec.

لندن : برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کے سابق سربراہ جون ساورز نے کہا ہے کہ ایران کےخلاف غیرضروری جنگ لڑی جارہی ہے، ایران میں اگر بہت بہترصورتحال بھی ہوئی تو وہ وینزویلا جیسی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس (MI6) کے سابق سربراہ سر جون ساورز نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے خطے کی سنگین صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں سابق انٹیلی جنس چیف نے انکشاف کیا کہ ایران کی جانب سے کسی پیشگی حملے کا کوئی خطرہ موجود نہیں تھا، جس کی بنیاد پر اس جنگ کا جواز پیش کیا جاتا رہا ہے۔جون ساورز کا کہنا تھا کہ "عام طور پر جنگیں یہ سمجھ کر شروع کی جاتی ہیں کہ یہ دو چار دنوں کی بات ہے، لیکن تاریخ شاہد ہے کہ ایسی جنگیں بہت دور تک پھیل جاتی ہیں”۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال اب لوگوں کی توقعات سے کہیں زیادہ آگے نکل چکی ہے اور اس کے اثرات قابو سے باہر ہو رہے ہیں۔مستقبل کے حوالے سے تاریک منظرنامہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ایران میں حالات بہت بہتر بھی ہوئے تو وہ وینزویلا جیسی ابتر صورتحال کا شکار ہوگا، جہاں معاشی اور سماجی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس جنگ کے نتیجے میں کہیں زیادہ خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے ، جو عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔