تہران (5 مارچ 2026): ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے امریکی افواج کو زمینی حملے شروع کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق علی لاریجانی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ ایران امریکا کی جانب سے ممکنہ زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہے، اگر امریکی افواج ملک میں داخل ہوئیں تو انہیں ہلاک اور قید کر لیا جائے گا۔علی لاریجانی کا مذکورہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت امریکی حکام نے ایران کے اندر فوجیں اتارنے کے امکان کو مسترد کرنے سے انکار کیا۔ایران اسرائیل امریکا جنگ سے متعلق تمام خبریںسپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دینے والے علی لاریجانی نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کچھ امریکی حکام نے یہ بیان دیا کہ وہ کئی ہزار فوجیوں کے ساتھ زمینی راستے سے ایرانی سرزمین میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، امام خمینی اور امام خامنہ ای کے بہادر بیٹے آپ کے منتظر ہیں، وہ ان کرپٹ امریکی حکام کو ہزاروں کی تعداد میں ہلاک اور قید کر کے رسوا کرنے کیلیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ علی لاریجانی شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے قریبی مشیر رہے ہیں اور ایران کی طاقتور ترین شخصیات میں سے ایک مانے جاتے ہیں۔