واشنگٹن : امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی حکومت کے لڑاکا طیارے گرانے اور 100 امریکی فوجیوں کی ہلاکات کے دعوے غلط قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کی جانب سے کیے جانے والے فوجی کامیابیوں کے تمام دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں "جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا” قرار دے دیا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حکومت کے لڑاکا طیارے گرانے اور 100 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے دعوے سراسر غلط ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ امریکی بیڑے اور طیاروں کی تباہی سمیت امریکی فوج کے انخلا کی تمام خبریں من گھڑت ہیں۔سینٹ کام کا کہنا تھا کہ امریکی فورسز ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ ایرانی فضائی حدود میں اپنی کارروائیوں اور حملوں کی شدت میں اضافہ کر رہی ہیں، فضائی، زمینی اور بحری طاقت کے مؤثر استعمال سے اب تک 20 سے زائد ایرانی بحری جہاز تباہ کیے جا چکے ہیں۔امریکی انٹیلی جنس اور آپریشنل اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار دنوں میں ایرانی ڈرون لانچز میں 73 فیصد تک نمایاں کمی آئی ہے اور ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغنے کی شرح میں 86 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان کے آخر میں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکی فوج کی عالمی طاقت اور آپریشنل صلاحیت کا کوئی مقابلہ نہیں ہے اور خطے میں امریکی مفادات کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔