دبئی : ایمریٹس ائیرلائن نے دبئی سے جانے والی پروازوں کو 7 مارچ تک معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا اور ہدایت کی ایئرلائن سےپیغام ملنےتک مسافرایئرپورٹ کارخ نہ کریں۔تفصیلات کے مطابق خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر دنیا کی بڑی ایئرلائنز ایمریٹس نے دبئی سے جانے والی اپنی تمام پروازیں 7 مارچ تک معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ایئرلائن انتظامیہ نے کہا کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ایئرلائن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں مسافروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک ایئرلائن کی جانب سے باقاعدہ پیغام (کنفرمیشن) موصول نہ ہو، وہ ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں۔ایئرلائن اس وقت صرف یو اے ای سے مسافروں کے انخلا کے لیے خصوصی آپریشن پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ذرائع کے مطابق یو اے ای سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے لیے کچھ پروازیں مسقط (عمان) کے راستے چلائی جا رہی ہیں کیونکہ مسقط کی فضائی حدود تاحال کھلی ہوئی ہے۔آج مختلف یورپی ملکوں کے شہریوں کو لے کر لفتھانزا، برٹش ایئر، سمارٹ ونگز اور اینٹر ایئر کی پروازیں مسقط کے راستے روانہ ہوئی ہیں۔ایمریٹس حکام کا کہنا ہے کہ وہ علاقائی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں اور آپریشن کی مکمل بحالی کا فیصلہ حالات کے استحکام سے مشروط ہوگا۔