مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: خلیجی شہروں سے ہندوستان کے لیے 58 خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ

Wait 5 sec.

نئی دہلی: امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرقِ وسطیٰ کے بیشتر فضائی راستے بند یا محدود کر دیے گئے ہیں۔ اس صورتِ حال کے پیشِ نظر ہندوستانی حکومت اور فضائی کمپنیوں نے خلیجی ممالک میں موجود مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ اسی سلسلے میں بدھ کے روز مجموعی طور پر 58 خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔شہری ہوا بازی کی وزارت کے مطابق 4 مارچ کو چلائی جانے والی ان خصوصی پروازوں میں 30 پروازیں انڈیگو کے ذریعے جبکہ 23 پروازیں ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے ذریعے چلائی جائیں گی۔ وزارت نے بتایا کہ ہندوستان اور خلیجی خطے کے درمیان پروازیں چلانے والی بعض غیر ملکی فضائی کمپنیاں بھی محدود سطح پر اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم ان کی تعداد فضائی راستوں کی دستیابی اور آپریشنل حالات پر منحصر ہے۔وزارت کا کہنا ہے کہ موجودہ کشیدہ حالات کے باوجود ہندوستانی فضائی کمپنیوں نے اپنے پروازوں کے شیڈول میں متوازن تبدیلیاں کی ہیں تاکہ مسافروں کو کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔ طویل اور انتہائی طویل فاصلے کی پروازوں کو ایسے متبادل راستوں سے دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے جو محدود یا بند فضائی علاقوں سے بچتے ہوئے محفوظ سمجھے جا رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ایئر انڈیا، انڈیگو، اسپائس جیٹ اور اکاسا ایئر خلیجی شہروں خصوصاً دبئی اور فجیرہ سے کئی خصوصی پروازیں چلائیں گی۔ یہ پروازیں نئی دہلی، ممبئی، بنگلورو، کوچی، احمد آباد اور ترواننت پورم جیسے اہم ہندوستانی ہوائی اڈوں پر اتریں گی، تاکہ مختلف ریاستوں کے مسافروں کو سہولت کے ساتھ اپنے گھروں تک پہنچنے کا موقع مل سکے۔حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دبئی انٹرنیشنل ہوائی اڈہ یا المکتوم انٹرنیشنل ہوائی اڈہ اس وقت تک نہ جائیں جب تک متعلقہ فضائی کمپنی کی جانب سے روانگی کے وقت کی باضابطہ تصدیق نہ مل جائے۔ اس احتیاط کا مقصد بھیڑ اور غیر ضروری پریشانی سے بچنا ہے۔اس وقت دبئی کا فضائی علاقہ جزوی طور پر کھلا ہوا ہے اور صرف محدود تعداد میں تجارتی پروازوں کو اجازت دی جا رہی ہے۔ امارات ایئرلائن اور انڈیگو محدود خدمات چلا رہی ہیں اور مسافروں کو تازہ معلومات فراہم کرنے کے لیے اپنی ویب سائٹ پر مسلسل اپڈیٹ جاری کر رہی ہیں۔ادھر اتحاد ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ ابو ظہبی سے طے شدہ پروازیں فی الحال منسوخ ہیں اور 5 مارچ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے تک پروازوں کی سرگرمی معطل رہے گی۔ تاہم متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ تال میل کے ذریعے کچھ کارگو اور وطن واپسی کی خصوصی پروازیں چلائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔شہری ہوا بازی کی وزارت نے واضح کیا ہے کہ مسافروں کی سلامتی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ تمام فضائی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مسافروں کے ساتھ شفاف رابطہ برقرار رکھیں اور رقم کی واپسی، شیڈول کی تبدیلی اور دیگر سہولتوں سے متعلق قواعد پر مکمل عمل کریں۔ وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ فضائی کمپنیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور کرایوں پر نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ اس غیر معمولی صورتِ حال کے دوران ٹکٹوں کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہ ہو۔