واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ نہیں معلوم مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں یا نہیں۔ سنا ہے وہ زندہ نہیں، اگر زندہ ہیں تو اسے اپنے ملک کیلئے کچھ بہتر کرنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت ترین موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک امریکہ کی شرائط پر بہتر معاہدہ طے نہیں پاتا، جنگ بندی کا کوئی امکان نہیں ہے۔این بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران جنگ بندی تو چاہتا ہے لیکن ڈیل (معاہدہ) کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، ایران کو اپنی جوہری صلاحیت سے دستبردار ہونا پڑے گا، جو کہ کسی بھی معاہدے کی پہلی اور اہم ترین شرط ہوگی۔صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کی معیشت کے لیے اہم ترین ‘جزیرہ خرگ’ (Kharg Island) کا بیشتر حصہ تباہ ہو چکا ہے۔مجتبیٰ خامنہ ای (سپریم لیڈر کے ممکنہ جانشین) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، "مجھے نہیں معلوم کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں۔ میں نے سنا ہے کہ وہ زندہ نہیں ہیں، اگر وہ زندہ ہیں تو انہیں اپنے ملک کی بہتری کے لیے سوچنا چاہیے اور بہتر ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں۔”انہوں نے طنزاً کہا کہ اب تو کوئی انہیں منظرِ عام پر بھی نہیں لا سکتا۔عالمی توانائی بحران پر بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے متعدد ممالک نے حامی بھر لی ہے اور اس حوالے سے مشترکہ کوشش ایک اچھی تجویز ہے۔