ایرانی میزائل حملے کے بعد ابوظبی کی گیس تنصیبات بند

Wait 5 sec.

ابوظہبی(19 مارچ 2026): متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں گیس کی اہم تنصیبات اور آئل فیلڈز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ابوظہبی میڈیا آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیے گئے میزائل کا ملبہ گرنے کی وجہ سے حفاظتی اقدامات کے تحت آپریشن معطل کرنا پڑا۔ابوظہبی میڈیا آفس کے مطابق حبشان گیس تنصیب کو میزائل کا ملبہ گرنے کے باعث بند کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ بڑے حادثے سے بچا جا سکے اور نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ایران کے ان حملوں سے باب آئل فیلڈ بھی متاثر ہوئی ہے، جس کے بعد وہاں بھی کام روک دیا گیا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ میزائل کا ملبہ گرنے سے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔اس وقت ماہرین اور تکنیکی عملہ گیس تنصیبات اور باب آئل فیلڈ کی بحالی کے لیے تیزی سے کام کر رہا ہے تاکہ توانائی کی فراہمی کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔واضح رہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے عالمی منڈیوں پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔