سری لنکا نے امریکی جنگی طیاروں کو اڈہ دینے سے انکار کردیا

Wait 5 sec.

کولمبو(20 مارچ 2026): سری لنکا نے امریکی جنگی طیاروں کو اڈہ دینے سے انکار کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی حکومت نے مارچ کے اوائل میں امریکا کو اپنے جنوبی سول ایئرپورٹ پر دو جنگی طیارے تعینات کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔سری لنکاکے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے پارلیمنٹ میں بیان دیا کہ امریکا نے مارچ کے آغاز میں دو جنگی طیارے مٹالا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرتعینات کرنےکی درخواست کی تھی، سری لنکن صدر نے کہا کہ امریکی طیاروں پر اینٹی شپ میزائل نصب تھے، انہیں جبوتی کے اڈے سے سری لنکا لانے کا منصوبہ تھا۔صدر ڈسانائیکے نے واضح کیا کہ یہ درخواست سری لنکا کی غیر جانبداری برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مسترد کی گئی کہ جزیرے کی سرزمین کسی بھی ایسے فوجی مقصد کے لیے استعمال نہ ہو جو کسی بھی فریق کے لیے مدد یا رکاوٹ کا باعث بنے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسی دن ایران نے بھی بھارت میں بحری مشقوں سے واپسی پر اپنے تین جنگی جہازوں کو پورٹ کال (لنگر انداز ہونے) کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا کے کئی اتحادی ممالک بھی ایران کے خلاف جنگ میں حصہ لینے سے انکار کر چکے ہیں جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔